پشاور (مانند نیوز )ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے فلسطین اور غزہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ملک گیر "یکجہتی فلسطین”مہم کا اعلان کردیا۔ 10اپریل کو پورے پاکستان میں احتجاج، 16 اپریل کو ملک بھر کی جامعات میں "یوم سیاہ” منایا جائے گا اور بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ 23 اپریل کو کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کے باہر بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔ 30 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی جانب عظیم الشان مارچ کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے طلبہ شریک ہوں گے۔ مرکزی سیکرٹریٹ اچھرہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ کے دو ریاستی حل کی بات کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان کے ریاستی اعلان سے پاکستان کبھی پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔ پاکستانی حکمرانوں کا دو ریاستی حل کا بیان مسترد کرتے ہیں۔سیکرٹری جنرل صاحبزادہ وسیم حیدر،اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل آفتاب حسین، ناظم صوبہ جنوبی پنجاب ابوذر غفاری، ناظم لاہور عبداللہ بن عباس اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد طیب چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ناظم اعلیٰ نے طلبہ کمیونٹی سے اپیل کی کہ احتجاجی مارچز اور مظاہروں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ دنیا بھر کو یہ پیغام جائے کہ ہم اہل فلسطین اور غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ فلسطین کاز کے لیے تمام طلبہ تنظیموں کو بیدار اور رابطوں کا آغاز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پاکستان عالمی عدالت میں مسئلہ فلسطین کا مقدمہ لے جاتا لیکن پاکستانی حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور بانی پاکستان کے واضح بیانات سے مسلسل انحراف اور ازلی مؤقف سے ہٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے سپانسر میں اسرائیلی پراڈکٹ استعمال ہو رہی ہے۔ پی سی بی اسرائیلی پراڈکٹ کا بائیکاٹ کرے۔ اسلامی جمعیت طلبہ اسرائیلی پراڈکٹ کے بارے میں چیئرمین پی سی بی کو خط لکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر امن کے نام نہاد ٹھیکیداروں اور اقوام متحدہ نے کوئی عملی کردار ادا نہیں کیا۔محض مذمتی بیانات اور زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں ہو رہا۔ اسلامی جمعیت طلبہ بین الاقوامی اداروں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس کیا اور فلسطین مہم کو زندہ رکھا اب اس کو ازسرنو دوبارہ شروع کریں گے۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ طویل مزاحمت پر اہل فلسطین اور حماس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔