وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل کڑیکوٹ میں واقع شہید موڑ پر رات کی تاریکی میں نامعلوم مسلح افراد نے جاز موبائل کمپنی کے ٹاور کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں کڑیکوٹ اور گردونواح کے علاقوں میں موبائل نیٹ ورک مکمل طور پر معطل ہو گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے ٹاور کی تمام مشینری جل کر خاکستر ہوگئی، جس کے باعث علاقے کے باسیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔واقعے کے خلاف عوامی حلقوں اور سیاسی قیادت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی جنرل سیکرٹری عمران مخلص وزیر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید موڑ پر جاز ٹاور کو نذرِ آتش کرنا نہ صرف ایک بزدلانہ کارروائی ہے بلکہ یہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔ آج کے جدید دور میں ہمیں رابطے کی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ واقعہ ریاستی اداروں کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ حکومت کو اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنے چاہیے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ متاثرہ ٹاور کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ عوام کو دوبارہ مواصلاتی سہولت میسر آسکے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے بھی سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ صارفین نے اسے ایک ٹاور کی تباہی نہیں بلکہ پورے علاقے کی آواز، عوام کا رابطہ اور دنیا سے جڑنے کی واحد امید کا خاتمہ قرار دیا۔ عوامی پیغام میں کہا گیا یہ ایک محض ٹیکنیکل نقصان نہیں، بلکہ ہمارے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک ہے۔ کڑیکوٹ اور اس کے گردونواح میں سب سے زیادہ آبادی آباد ہے، مگر یہاں ریاستی رٹ کا فقدان ہے۔ نہ کوئی سول حکومت کا وجود نظر آتا ہے اور نہ ہی عوامی مسائل پر توجہ دی جاتی ہے۔ شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جہاں 5G اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی جانب بڑھ رہی ہے، وہاں وزیرستان جیسے حساس علاقوں کے عوام آج بھی 3G جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق یہاں موبائل نیٹ ورک استعمال کرنا بھی کسی جرم سے کم نہیں رہا۔