پشاور(مانند نیوز) پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر انتخاب خان نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ وائٹ پیپر میں معدنیات کے شعبے سے متعلق مجوزہ اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف صوبے کی معیشت کو مستحکم کریں گے بلکہ ملکی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ معدنیاتی قوانین کو وفاق اور دیگر صوبوں کے ساتھ ہم آہنگ بنانے کا فیصلہ ایک اہم اور دور اندیش قدم ہے، جس سے نہ صرف ملک بھر میں سرمایہ کاری کے لیے یکساں مواقع فراہم ہوں گے بلکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔انتخاب خان نے منرل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن اتھارٹی کے قیام، معدنیاتی ٹائٹلز اور لائسنسنگ کے عمل کو ڈیجیٹل مائننگ سسٹم کے ذریعے شفاف اور قابل رسائی بنانے کے فیصلے کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لائسنس کی مدت کو کم کر کے تین سال کرنا لیز کے حصول کو سہل بنائے گا، جبکہ آزاد اور بااختیار اپیلٹ ٹریبونل کے قیام سے انصاف کی فوری فراہمی ممکن ہوگی۔انہوں نے جیولوجیکل ڈیٹا بیس کی تیاری کو لازمی قرار دینے کے اقدام کی بھی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ اس سے سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کو تقویت ملے گی۔انتخاب خان نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت اقدامات، بشمول خصوصی فورس کے قیام، مشینری کی ضبطی اور سزاؤں کے نفاذ کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے معدنی وسائل کا تحفظ ممکن ہوگا اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی خوش آئند ہے کہ نئی قانون سازی کے باوجود وہ تمام لیز اور درخواستیں جو پہلے سے زیر التواء یا منظور شدہ ہیں، بدستور برقرار رہیں گی، جو کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد اور حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے۔انتخاب خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو ”مائنز اینڈ منرلز بل” پر اعتراض ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے اور انہیں اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے اور ملک کی ترقی کے لیے کسی بھی ایسے مثبت قانون یا اقدام کی حمایت ضروری ہے جو معیشت کو مضبوط اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مددگار ہو۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے