کوہاٹ (مانند نیوز)کوہاٹ میں جاری 2 روزہ آرٹ نمائش اختتام پذیر ہوگیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے تھے۔اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ لیاقت علی خان اوردیگرآرٹسٹ کے فن پاروں کی شاندار تصویری نمائش کی گئی۔شفیع جان ایم پی اے نے اظہار خیا ل کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویری نمائش نہ صرف ایک بصری خوبصورتی کا منظر پیش کر رہی ہے بلکہ ایک پیغام بھی دے رہی ہے کہ ہمارے معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان جو اکثر معاشی دباؤ، بے راہ روی یا ماحول کی منفی سرگرمیوں میں الجھ کر اپنی صلاحیتیں ضائع کر رہا ہے، اسے چاہیے کہ وہ ایسی صحت مند اور تخلیقی سرگرمیوں سے خود کو جوڑے۔اس قسم کی نمائشیں نہ صرف ذہنی سکون دیتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو ایک نیا وژن، نیا راستہ اور مقصد بھی فراہم کرتی ہیں۔ چیئرمین ڈیڈاک نے کہا کہ نوجوان نسل کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی توانائی کو مثبت سرگرمیوں پر لگائیں اور ایسی آرٹ اکیڈمیوں کا حصہ بن کر اپنی پہچان خود بنائیں۔لیاقت علی خان نوجوان نسل کیلئے آرٹ کی دنیا کا چمکتا ستارہ ہے لہٰذانئی نسل کوان سے بھرپوررہنمائی حاصل کرنی چاہیئے۔