وانا (مانند نیوز) جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر ضلعی صدر اسد اللہ بہیر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 26 اپریل بروز ہفتہ غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر اسد اللہ بہیر نے کہا کہ اب تک غاصب اسرائیل کے ہاتھوں 60 ہزار سے زائد مرد، خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے، چاہے وہ فلسطین کے ہوں، افغانستان کے، فاٹا یا بلوچستان کے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔26 اپریل کی ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے تمام تاجر برادری، مختلف یونینز، چیمبرز، اور مختلف مکاتبِ فکر کے لوگوں سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔ ان شاء اللہ 26 اپریل کو وانا بازار مکمل طور پر بند رہے گا تاکہ غزہ کے مظلوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے۔افغان مہاجرین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہاں گزشتہ 40 سال عزت کے ساتھ گزارے ہیں۔ ان کو زبردستی نکالنا ریاستی سطح پر غیر دانشمندانہ فیصلہ ہوگا۔ ان کے یہاں کاروبار ہیں زندگی وابستہ ہے۔ جماعت اسلامی ریاست سے مطالبہ کرتی ہے کہ افغان مہاجرین کو یہاں شہریت دی جائے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مولانا عمر وزیر، صدر جے آئی یوتھ جنوبی وزیرستان لوئر صلاح الدین، اور بلاول احمد وزیر و دیگر موجود تھے۔