کوہاٹ (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی قیادت میں ایم پی اے داؤد آفریدی، تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم پر مشتمل حکومت خیبرپختونخوا کے الگ الگ وفود نے ضلع کوہاٹ کے علاقہ کوٹ بلی ٹنگ میں کشمیر کے محاذ پر جام شہادت نوش کرنے والے شہید دلاور خان ولد طاہر گل کے مزار پر حاضری دی اور ان کی مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پر شہید جوان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔وفودنے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی جانب سے بھی شہید کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔وزیر قانون آفتاب عالم، ایم پی اے داؤد آفریدی، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم اللہ شاہ، ڈی سی کوہاٹ عبدالاکرم اور چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال نے شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کی۔شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران انہوں نے ملک و قوم کیلئے شہید کی عظیم قربانی کو سراہا اور کہا کہ قوم ان کی شہادت پرفخر کرتی ہے اوراسے کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خون ہمارے وطن کی بقا، سالمیت اور آزادی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے سرکاری وفد کی آمد کو سراہا اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔