دیر بالا (مانند نیوز)وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت ضلعی انتظامیہ دیر بالا کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال دیر میں وفاقی محتسب کے کردار اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ”کھلی کچہری” کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ پشاور مشتاق جدون، وفاقی متحسب ریجنل ہیڈ ملاکنڈ ثناء اللہ نے خصوصی شرکت کی۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور صوبائی و وفاقی محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مشتاق جدون نے وفاقی محتسب کے دائرہ اختیار، شکایات درج کروانے کے طریقہ کار اور نادرا، واپڈا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) سمیت دیگر وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے ازالے کے عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ کھلی کچہری کے دوران عوام نے واپڈا، بی آئی ایس پی اور این ایچ اے سمیت دیگر محکموں کے خلاف متعدد شکایات موقع پر ہی درج کروائیں، جنہیں فوری طور پر متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا گیا اور ان پر بروقت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ضلعی انتظامیہ دیر بالا نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کا بروقت اور منصفانہ آزالہ کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مستقبل میں بھی اس طرح کی کھلی کچہریوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔