کوہاٹ (مانند نیوز )ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت علاقہ بڑھ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) حامد اقبال، کوہاٹ پولیس اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، علاقہ مشران اور عام لوگوں نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے شرکاء نے پانی، گیس، بجلی، سکولوں اور ہسپتال میں سٹاف کی کمی، آبنوشی و آبنوشی، روڈز اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق مسائل پیش کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پرحل کرنا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا مشن ہے اور یہ کھلی کچہریاں اس کی کڑی ہے۔یہ کچہریاں محض نشستا ًبرخاستاً نہیں بلکہ بامقصد اور نتیجہ خیز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں سے عوامی شکایات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور لوگوں کے عام نوعیت کے زیادہ تر مسائل مقامی سطح پر حل ہو رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ علاقے کے اہم مسائل متعلقہ فورم پر اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھائے جائیں گے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے اجتماعی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں ہونے والے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا اور ڈیڈ لائن میں عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ علاقے کے مشران نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدلاکرم کی عوامی خدمات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ کھلی کچہری کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔