پشاور (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کی قیادت میں ”پشاور کو بھکاریوں سے پاک بنانے” کی مربوط مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد شہر کی خوبصورتی کی بحالی کے ساتھ ساتھ بھیک مانگنے جیسے پیچیدہ سماجی مسئلے کا دیرپا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مبنی حل تلاش کرنا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ روز سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیموں نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 خواتین بھکاریوں کو تحویل میں لیا، جنہیں دارالکفالت برائے خواتین منتقل کیا گیا۔ وہاں انہیں نہ صرف رہائش اور خوراک جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ مشاورت، ذہنی و نفسیاتی بحالی اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے ایک باوقار زندگی کی جانب رہنمائی کی جا رہی ہے۔وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے اس اقدام کو ایک جامع فلاحی وژن کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم صرف گلیوں سے بھکاریوں کو ہٹانے کا عمل نہیں، بلکہ ان کی زندگیوں کو بدلنے کی ایک سنجیدہ اور دیرپا کوشش ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ افراد دوبارہ معاشرے کا کارآمد حصہ بنیں اور اپنی زندگی کو خودمختاری اور عزت نفس کے ساتھ گزار سکیں۔محکمہ سماجی بہبود اس مہم کے تحت مختلف اقدامات پر عملدرآمد کر رہا ہے جن میں فنی تربیت، نفسیاتی معاونت، روزگار کے مواقع کی فراہمی، اور فلاحی اداروں سے رابطہ کاری شامل ہے۔ یہ تمام اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں کہ متاثرہ افراد صرف وقتی امداد کی بجائے ایک مستقل، باعزت اور خود انحصار زندگی گزار سکیں۔حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھکاریوں کو پیسے دینے کی بجائے متعلقہ اداروں کو آگاہ کریں تاکہ ان افراد کو مناسب امداد اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یہ مہم پشاور کو نہ صرف ظاہری طور پر خوبصورت بنانے کا ذریعہ بنے گی بلکہ ایک زیادہ ہم آہنگ، خوددار اور فلاحی معاشرے کے قیام کی طرف عملی پیش رفت ثابت ہو گی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے