ہنگو(مانند نیوز)کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کرنل عالمگیر یوسفزئی کی زیر صدارت خویداد خیل میں امن و ترقی سے متعلق اہم جرگہ، کان کنوں کے تحفظ اور علاقائی ترقی پر زور،تفصیلات کے مطابقکمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کرنل عالمگیر یوسفزئی کی زیر صدارت خویداد خیل کے عمائدین اور کوئلہ کانوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا،جس میں علاقائی امن، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور سماجی و اقتصادی ترقی جیسے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔جرگے میں مقامی مشران، کان مالکان، کان کنوں کے نمائندگان اور دیگر بااثر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے علاقے میں موجود سیکیورٹی چیلنجز، کان کنوں کو درپیش خطرات، اور ترقیاتی منصوبوں کی کمی جیسے مسائل کو اجاگر کیا۔ جرگے کے دوران شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور فورسز و مقامی افراد کو باہمی تعاون سے پائیدار امن قائم رکھنا ہوگا۔کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کرنل عالمگیر یوسفزئی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں قیامِ امن کے لیے ہمہ وقت تیار اور پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مل کر شرپسند عناصر کو شکست دی جائے گی اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔کرنل عالمگیر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کان کنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے، اور جلد ہی کان کنی سے وابستہ افراد کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔علاقائی عمائدین نے جرگے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ امن و استحکام کے لیے مقامی افراد اپنی بھرپور ذمہ داری ادا کریں گے۔جرگے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے علاقے میں تعلیم، صحت، سڑکوں، اور پینے کے صاف پانی جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں، تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔جرگہ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ بھی اسی طرز پر روابط اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ علاقائی امن، ترقی اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔