وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ اتش محسود پر گزشتہ رات نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کیا، تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دیا ہے۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب اتش محسود وانا سے واپس اپنے گھر پہنچے ہی تھے کہ گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اتش محسود کے مطابق حملہ آور پہلے سے چھپے بیٹھے تھے اور انہیں دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صدر شہزادہ وزیر نے کہا کہ صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس پر حملے قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں بلکہ آزادی اظہار رائے کو دبانے کی کوشش بھی ہیں۔ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صحافیوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔