وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے کرمزی اسٹاپ پر اُس وقت قیامت صغریٰ برپا ہوگئی جب ولی بال میچ کے دوران ایک کوارڈ کاپٹر ڈرون سے بم گرایا گیا۔ اس اندوہناک حملے کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہو گئے، جن میں بڑی تعداد نوجوانوں اور کم عمر بچوں کی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں طبی ذرائع کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تشویشناک حالت میں موجود کئی زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کر دیا گیا ہے۔ یہ حملہ نہ صرف انسانی ہمدردی کے تقاضوں کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ریاستی ذمہ داریوں اور شہریوں کے تحفظ پر بھی سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ علاقائی سطح پر سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کیا پشتون بیلٹ کے باسی دوسرے درجے کے شہری ہیں؟ کیا ان کی جانوں کی کوئی قدر و قیمت نہیں؟ سیاسی تنظیموں کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل حملے اور میڈیا کی خاموشی نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ طرزِ عمل ایک خطرناک بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، جس کے اثرات مستقبل میں مزید علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں ایک ڈرون حملے میں چار معصوم بچوں کی شہادت کے بعد قبائلی عمائدین کو انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ آئندہ ایسے واقعات نہیں دہرائے جائیں گے۔ مذکورہ یقین دہانیوں کے بعد مظاہرین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے اور علاقے میں امن کی فضا بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی۔ تاہم، آج ہی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں ایک اور ڈرون حملے نے ان تمام وعدوں اور یقین دہانیوں کو مٹی میں ملا دیا۔ عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان حملوں کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے