لوئردیر( مانند نیوز)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج چکدرہ میں عوام کا سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ سبز انقلاب کی راہ میں کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ وہ گزشتہ روز لوئر دیر چکدرہ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔امیر مقام نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے بھائی اور وزیراعظم شہباز شریف نے مختصر مدت میں ملک و قوم کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "بنیان المرصوص” آپریشن کے تحت افواجِ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور پاک فوج نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی عبرتناک شکست صرف اُس کی نہیں بلکہ اُس کے تمام حواریوں اور سازشی عناصر کی بھی ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف ہونے والی مہمات ناکام ہو چکی ہیں اور عوام نے ایسی سوچ کو مسترد کر دیا ہےامیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالتِ جنگ میں جرات مندانہ فیصلے کیے اور پوری قوم کو ساتھ لے کر چلے۔ موجودہ سیاسی قیادت، فوجی کمانڈ اور عوام کی یکجہتی سے کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں قائد نواز شریف نے کشکول توڑ کر خودداری کی مثال قائم کی تھی، اسی طرح مسلم لیگ (ن) دوبارہ آئی ایم ایف کی بیڑیاں توڑنے جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا سازشیں نہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔امیر مقام نے چترال تک سڑک کی تعمیر، گیس سے محروم علاقوں کو گیس کی فراہمی، اورسیز پاکستانیوں کے لیے میڈیکل ٹیسٹ لیبارٹری کے قیام اور یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔تقریب کے دوران پاکستان، افواج پاکستان، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔کنونشن سے مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، سابق سینیٹر زاہد خان، ایم پی اے ثوبیہ خان، ملک جہانزیب خان، انجینئر فیض اللہ خان، فاروق اقبال، واجد علی خان، بیرسٹر زیداللہ خان، سجاد خان و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے خیبرپختونخوا میں جاری بدعنوانیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ مسلم لیگ (ن) ہے۔تقریب کے دوران بیرسٹر عطائاللہ نے علاقے کے مسائل پر مشتمل سپاسنامہ پیش کیا، جب کہ جاوید اقبال نے اپنے خاندان سمیت جمیعت علمائے اسلام سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔