پشاور( مانند نیوز)محکمہ لائیو سٹاک کے ڈائر یکٹر جنرل ڈاکٹر اصل خان کی ہدایت پر اورڈسٹرکٹ ڈائر یکٹر لائیو سٹاک مردان ڈاکٹر مثل خان مہمند کے زیر نگرانی ضلع مردان میں کانگو وائرس سے بچاؤ،احتیاط سے ممکن بناؤکے عنوان کے تحت قربانی کے جانوروں کے چیچڑوں سے بچاؤ کیلئے خصوصی سپرے مہم کامیابی سے جاری ہے اور اس حوالے سے ضلع بھر میں قائم لائیو سٹاک کے تمام سینٹرز اور ضلع بھر میں قائم کی گئی مویشی منڈیوں میں چیچڑ مار سپرے مہم کا آغاز یکم مئی سے ہوا تھا جو کہ عید تک جاری رہے گا،ڈسٹرکٹ ڈائر یکٹر لائیو سٹاک مردان ڈاکٹر مثل خان مہمند کے مطابق80 ہزار سے زائد جانوروں پر سپرے کیا گیا ہے، ڈاکٹر مثل خان مہمند نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک مردان کی جانب سے ضلع بھر میں قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر ویٹرنری ڈسپنسریز قائم کر دی گئی ہیں جن پر ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز،اسسٹنٹ اور دیگر عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ ویٹرنری عملہ علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ قربانی والے جانوروں میں چیچڑ مار سپرے بلا معاوضہ کر رہا ہے۔ صوبے بھر کی طرح مردان کے بھی تمام داخلی اور خارجی راستوں پر بین ا ضلاعی چیک پوسٹوں کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے ویٹرنری عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جو جانوروں کو چیچڑ مار سپرے کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کی مناسبت سے امسال بھی محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں عوام کو تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ان اقدامات کا مقصد جانوروں کی صحت کا تحفظ اور خطے میں ایک صحت مند لائیوسٹاک انڈسٹری کو فروغ دینا ہے۔