پشاور (مانند نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے ناظم اسفندیار عزت نے صوبے بھر میں "آو ساتھ چلیں” کے عنوان سے نئی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں اور رہائشی مقامات میں عام طلبہ کو اسلامی جمعیت طلبہ کے مشن سے متعارف کرانا اور ان کی تنظیم کے ساتھ رجسٹریشن کو فروغ دینا ہے۔اسفندیار عزت نے کہا کہ اس مہم کے دوران نہ صرف آن لائن رجسٹریشن جاری رکھی جائے گی بلکہ تنظیمی اور تربیتی اجتماعات میں باقاعدہ رجسٹریشن ڈسک بھی قائم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو آسان اور فوری رسائی حاصل ہو سکے۔ان کا کہناتھا کہ طلبہ کے لیے تعارفی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا جن میں جمعیت کے نظریات، سرگرمیوں اور طلبہ کی فلاح کے لیے جاری پروگراموں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔اسفندیار عزت نے کہا کہ "آو ساتھ چلیں” مہم طلبہ کو منظم کرنے اور ان کی علمی، اخلاقی و نظریاتی تربیت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے تمام طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کا حصہ بن کر نہ صرف اپنی تعلیمی و فکری ترقی کو مضبوط بنائیں بلکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔