اپر چترال (مانند نیوز)پروگریسو کلائمٹ فاؤنڈیشن (PCF) پاکستان نے گلگت بلتستان میں اپنی نوعیت کی پہلی "کلائمٹ یوتھ سمٹ” کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ سمٹ پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (Pak-EPA)، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی گلگت بلتستان، اور گلگت سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے 12 جولائی 2025 کو تاریخی اولڈ اسمبلی ہال چیف منسٹر سیکریٹریٹ چنار باغ گلگت میں منعقد ہوگا۔ یہ سمٹ دنیا کے اس خطے میں منعقد ہو رہی ہے جو دنیا کے سب سے بڑے گلیشیئر نظام اور حساس پہاڑی ماحولیاتی نظام کا حامل ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس سمٹ کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی بحران کے حل میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔ سمٹ کا مرکزی عنوان "نوجوان، گلیشیئرز اور مستقبل: پہاڑوں میں ماحولیاتی مزاحمت کی تعمیر” ہے. تقریب میں نوجوان ماحولیاتی قائدین، پالیسی ساز، اور ماہرینِ ماحولیات ایک چھت تلے جمع ہوں گے تاکہ گلیشیئرز کے تحفظ اور موسمیاتی استحکام کے لیے قابلِ عمل تجاویز اور اشتراکِ خیال کو فروغ دے سکے۔ اس سمٹ میں شرکاء کو یہ موقع ملے گا کہ وہ نوجوانوں کی قیادت میں تیار کردہ ماحولیاتی حل پیش کریں، پالیسی سازوں کے ساتھ براہِ راست مکالمہ کریں اور ایک مؤثر نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے عملی اقدامات کی بنیاد رکھیں۔یہ سمٹ اقوامِ متحدہ کی جانب سے سال 2025 کو "بین الاقوامی سال برائے گلیشیئر تحفظ” قرار دیے جانے کے تناظر میں منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر گلیشیئرز اور پہاڑی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کی فوری ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔ پروگریسو کلائمٹ فاؤنڈیشن کا یہ اقدام نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی آواز بلند کرنے، ماحولیاتی پالیسی سازی میں شرکت کرنے، اور ایک پائیدار مستقبل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ صرف ایک اجلاس نہیں بلکہ ایک تحریک ہے—ایک ایسا لمحہ جب نوجوان نسل ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف عملی قیادت کا آغاز کرے گی۔