ہنگو: بازار یونین صدر ظفر اقبال کی اغوا کی کوشش پر تاجر برادری سراپا احتجاج، بھتہ خوری کی کالز پر بھی شدید تشویش کا اظہار۔
ہنگو(فرمان اللہ اورکزئی سے) بازار یونین کے صدر ظفر اقبال کی اغوا کی کوشش اور دکانداروں کو موصول ہونے والی بھتہ خوری کی دھمکی آمیز کالز کے خلاف ہنگو کی تاجر برادری نے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر بازار یونین ظفر اقبال کی اغوا کی کوشش نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اگر ایسا واقعہ کسی عام دکاندار کے ساتھ بھی پیش آتا تو تاجر برادری اتنی ہی شدت سے ردعمل دیتی۔ تاجر برادری نے انکشاف کیا کہ بازار میں مختلف دکانداروں کو نامعلوم نمبروں سے بھتہ وصولی کے لیے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک امر ہے اور کاروباری ماحول کو شدید متاثر کر سکتا ہے۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر ایسے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کریں اور واقعہ میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کو بھی یقینی بنائیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ یونین رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ بھی بازار میں یا کسی دکاندار کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آیا تو یہ احتجاج صرف ضلع ہنگو تک محدود نہیں رہے گا بلکہ صوبائی سطح پر بھی احتجاج کی کال دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ٹریڈ صدر ظفر اقبال کیساتھ گزشتہ روز سبزی منڈی میں واقعہ پیش آیا تھا جس میں چند افراد نے ان کو اغوا کی کوشش کی تھی جس پر ہنگو پولیس نے مقدمہ درج کر کے 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔