پشاور( مانند نیوز )اسسٹنٹ کمشنر یوٹی احلاص سلیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی رقیہ نواز خان کے ہمراہ تحصیل مردان میں اچانک کارروائی کرتے ہوئے مختلف دودھ اور دہی فروخت کرنے والی دکانوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران یہ انکشاف ہوا کہ متعدد دودھ فروش عوام کو غیر معیاری اور مضرِ صحت دودھ و دہی فروخت کر رہے ہیں، جبکہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سے گاہکوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔موقع پر ہی خراب دودھ کو تلف کر دیا گیا، بعض دکانداروں کو بھاری جرمانے اور سخت وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ ایک دکان کو نمونوں کی حتمی لیبارٹری رپورٹ آنے تک سیل کر دیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی رقیہ نواز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بھی واضح کیا کہ باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رہے گی اور عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔