اسلام آباد (مانند نیوز)9 مئی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء کے گھر پر حملے کے کیس میں نامزد 59 ملزمان کو 10، 10سال قید کی سزائیں سنا دی گئیں۔
فیصلہ فیصل آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سنایا ہے، اس دوران عدالت کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔
عدالت نے 9 مئی کو رانا ثناء اللّٰہ کے گھر پر حملے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 109 ملزمان میں سے 75 کو مجرم قرار دیتے سزائیں سنائیں ہیں۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق تھانہ سمن آباد میں درج مقدمے میں 59 ملزمان کو 10، 10سال، 16 ملزمان کو 3، 3 سال قید کی سزائیں جبکہ 34 بری کر دیا ہے۔
اس کیس میں فواد چوہدری اور زین قریشی کو بری کر دیا گیا ہے۔
شیخ راشد جاوید اور دیگر کارکنوں کو تین تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
مقدمے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور 88 کارکنوں سمیت 109 ملزمان کا ٹرائل ہو چکا ہے۔
تھانہ سمن آباد میں درج مقدمے میں نامزد ملزمان میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، محمد خان، فرخندہ کوکب، محمد احمد چٹھہ اور کنول شوزب شامل ہیں۔
9 مئی کو رانا ثناءاللّٰہ کے گھر پر حملے کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کیا گیا تھا۔
ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تین کیسز کے فیصلے سنائے گئے تھے، خصوصی عدالت نے آج یہ چوتھے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا ہے۔
ان ہی تین کیسز میں سزا کی وجہ سے شبلی فراز سینیٹ اور عمر ایوب قومی اسمبلی سے نااہل ہو گئے تھے۔