کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی دوسرے پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی اور مؤثر انداز میں ادا کریں اور ڈینگی کے انسداداورآبی گزرگاہوں میں سیلابی پانی کی روانی کویقینی بنانے کیلئے ہرقسم کے تجاوزات ہٹانے کیلئے فوری و مربوط اقدامات کریں۔انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں کرک، ہنگو، اورکزئی اور کرم کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اورایکسئین ایریگیشن نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈینگی سے بچاؤ، آگاہی مہم اور آبی گزرگاہوں سے تجاوزات کے خاتمے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔کمشنر کوہاٹ نے محکمہ صحت اور تعلیم کے درمیان رابطوں کے فقدان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں اداروں کوفی الفور مشترکہ پلان مرتب کرنے اور اسے عوامی سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی مہم میں طلبہ و اساتذہ کو شامل کیا جائے تاکہ پیغام گھر گھر تک پہنچے۔انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ ڈینگی وائرس ایک خاص مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے جو کھڑے پانی اور گندے مقامات میں افزائش پاتا ہے۔ اس کی نمایاں علامات میں اچانک تیز بخار، شدید سر درد، جوڑوں کا درد، جلد پر سرخ دھبے، متلی اور بعض اوقات خون آنا شامل ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ گھروں اور گلیوں میں کھڑا پانی ختم کریں، پانی کی ٹینکیاں اور ڈرم ڈھانپ کر رکھیں، پرانے ٹائر اور گملے صاف کریں، بچوں کو مکمل بازو والے کپڑے پہنائیں اور مچھر دانی و مچھر مار ادویات کا استعمال کریں۔مزید برآں، کمشنر نے محکمہ ایریگیشن کو ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم ایز کے ساتھ مل کر آبی گزرگاہوں سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کیلئے جامع اور قابل عمل پلان بنانے کی ہدایت کی تاکہ برسات اور سیلابی صورتحال میں عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔