ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ محمد فیاض خان شیرپاؤ کی خصوصی ہدایات پر ضلع ملاکنڈ میں انسدادِ ڈینگی مہم کا بھرپور آغاز ہو چکا ہے۔ مہم کے دوران مختلف مقامات پر اسپرے کیا گیا جبکہ گندے اور جمی ہوئی پانی کی جگہوں کو صاف کرنے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ اپنے گھروں اور آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور پانی کے ذخائر کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ، محمد فیاض خان شیرپاؤ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ، ریاض محسود کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی لاروا کی تلفی، صفائی ستھرائی کی بہتری اور عوامی آگاہی کیلئے جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا اور عملی اقدامات تجویز کئے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کنٹرول مہم کو کامیاب بنانے کیلئے قریبی رابطہ اور بھرپور تعاون یقینی بنائیں تاکہ عوامی صحت کا مؤثر تحفظ کیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں پانی کے ذخائر سے اجتناب کریں اور ڈینگی کی روک تھام میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر درگئی، محمد شہباز خان نے ڈینگی کنٹرول مہم کے تحت ٹائر شاپس، ورکشاپس، بلاک فیکٹریوں اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی ستھرائی کی صورتحال، پانی کے ذخائر اور استعمال شدہ ٹائروں میں پانی کی موجودگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عوام الناس کو ڈینگی سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنانے اور صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ یہ دورہ ضلعی انتظامیہ ملاکنڈ کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔