بریکوٹ (مانند نیوز) بریکوٹ بازار اور جی ٹی روڈ پر تجاوزات نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ہر طرف ہتھ ریڑھیاں، ہتھ گاڑیاں اور ریڑھی بانوں کے سٹالوں نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ جما رکھا ہے۔ فٹ پاتھ پر قبضہ مافیا کے ساتھ ساتھ غیر قانونی اور رجسٹرڈ رکشہ مافیا نے بھی عوام کے لئے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق دوکانداروں نے اپنے دکانوں کے فرنٹ بھی کرایہ پر دے دیئے ہیں جہاں غیر قانونی سٹال لگائے گئے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور ٹریفک نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق روڈ کے دونوں اطراف ریڑھی بانوں کے قبضے کی وجہ سے پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔عوامی حلقوں نےردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ایم اے بریکوٹ اور دیگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی بے حسی اور چشم پوشی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت سخت کارروائی نہ کی گئی تو بریکوٹ بازار مکمل طور پر تجاوزات مافیا کے قبضے میں چلا جائے گا۔عوام نے کمشنر ملاکنڈ ،ڈپٹی کمشنر سوات سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تجاوزات کے خلاف مؤثر اور سخت ایکشن لیا جائے، تاکہ بازار اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک نظام بحال ہو سکے اور عوام کو سکون ملے۔