کرک (مانند نیوز) چیئرمین ڈیڈاک کرک و ایم پی اے خورشید خٹک نے گورنمنٹ ہائی سکول میٹھاخیل کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔اسی طرح انہوں نے پرنسپل عبدالوہاب کی درخواست پر ادارے کیلئے جدید سولر سسٹم، ایک اضافی کلاس روم، تین عدد واٹر کولر اور تزئین و آرائش کیلئے پانچ لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔ یہ اعلان انہوں نے سکول ہذا میں ”معیاری تعلیم اور انسدادِ نقل” کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کرک نثار احمد نے کی۔تقریب میں تحریک انصاف کے رہنما ثناء اللہ شاہ، عاشق منیر، سابق ضلع ناظم ملک رحمان ایڈوکیٹ، شاعر و ادیب زردعلی غرقاب، مقامی ناظمین، معززین علاقہ اور اساتذہ سمیت بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ پرنسپل عبدالوہاب نے اپنے خطاب میں ادارے کی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایم پی اے خورشید خٹک سے ادارے کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی کیلئے تعاون کی درخواست کی۔مہمانِ خصوصی خورشید خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت معیاری تعلیم کے فروغ اور نقل کے خاتمے کیلئے عملی اصلاحات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے اساتذہ، طلبہ اور والدین سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ پرنسپل کی خصوصی دلچسپی پر مستحق طلبہ میں سکول فنڈ سے یونیفارمز بھی تقسیم کئے گئے۔