کوہاٹ(مانند نیوز) اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ کے زیرِ اہتمام طنز و مزاح کے ممتاز شاعر سید ظفر شاہ ظفر کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب نجی اسکول سیاب، کوہاٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت معروف ادیب رحمت شاہ رحمت نے کی جبکہ خان زمان اعظم اور گل حبیب حبیب اعزازی مہمان تھے۔ نظامت کے فرائض غلام شیر آفریدی نے انجام دیئے۔اس موقع پر فیروز خان صادق نے کہا کہ سید ظفر شاہ ظفر نے ایم اے اردو کیا اور پاک فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد طنز و مزاح کی صنف میں نمایاں مقام حاصل کیا۔سید معصوم شاہ معصوم نے کہا کہ سید ظفر شاہ ظفر کی شاعری جلد کتابی صورت میں شائع کی جائے گی۔ مولانا عبدالحلیم الحکیمی نے کہا کہ شاہ صاحب کے کلام میں سادگی، حقیقت پسندی اور اخلاقی پیغام نمایاں ہے۔گل حبیب حبیب نے کہا کہ اباسین ادبی ٹولنہ شعراء و ادباء کو زندگی میں سراہنے کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہے۔ خان زمان اعظم کے مطابق سید ظفر شاہ ظفر نے ریڈیو اور ٹی وی پر کوہاٹ کی نمائندگی کر کے شہر کا نام روشن کیا۔ اپنے خطاب میں سید ظفر شاہ ظفر نے کہا کہ وہ اباسین ادبی ٹولنہ کے شکر گزار ہیں جو اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے۔صدرِ تقریب رحمت شاہ رحمت نے کہا کہ اباسین ادبی ٹولنہ ایک غیر لسانی اور ہمہ جہت ادبی فورم ہے جو علاقائی ادب و ثقافت کے فروغ کیلئے سرگرمِ عمل ہے۔تقریب کے اختتام پر تنظیم نے اسلام آباد کی ادبی تنظیم“نوے ژوند”کا شکریہ ادا کیا جس نے اباسین ادبی ٹولنہ کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔ آخر میں آزاد مشاعرہ منعقد ہوا جس میں مقامی شعراء نے کلام پیش کیا اور مرحومین کیلئے دعا کی گئی۔