شانگلہ(مانند نیوز) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شانگلہ کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار شیبر خان کاکانے شاندار کامیابی حاصل کرلی، پختونخوا بار کونسل کے الیکشن 2025 میں ڈسٹرکٹ بار شانگلہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار شیبر خان کاکانے ایڈوکیٹ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 54 ووٹ لے کر میدان مار لیا۔مقابلہ سخت رہا، تاہم جے یو آئی (ف) کے امیدوار فواد خان ایڈوکیٹ نے 34 ووٹ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے خان بہادر ایڈوکیٹ نے 28 ووٹ حاصل کیے۔اس تاریخی موقع پر نومنتخب امیدوار شیبر خان کاکانے ایڈوکیٹ نے کامیابی پر بار کے تمام معزز ممبران، وکلا برادری اور اپنے حامیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی وکلاء برادری کے اعتماد کا مظہر ہے اور وہ شانگلہ کے وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سمیت اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابی مہم میں بھرپور تعاون کیا۔شیبر خان کاکانے ایڈوکیٹ نے کہا کہ وہ وکلاء کے مسائل کے حل، عدالتی نظام میں بہتری، اور بار و بینچ کے مابین مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔وکلا برادری اور عوامی حلقوں نے شیبر خان کاکانے ایڈوکیٹ کو اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ وکلا کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔۔