اپر چترال (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں 15 تاریخ سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/ تورکہو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ سرویلینس افسر، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور این جی اوز کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکورٹی پلان، ٹیموں کی ٹریننگ، مائیکرو پلان کی اپڈیٹیشن، ٹیموں کی فیلڈ کوریج اور لوجسٹک کی فراہمی سمیت تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں اور ویکسین سمیت تمام لوجسٹک آج شام تک تمام یونٹس تک پہنچا دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد عمران نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے بین المحکماتی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران مکمل ہم آہنگی اور فیلڈ ٹیموں کی معاونت کو یقینی بنایا جائے۔ انسداد پولیو مہم 15 دسمبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے والدین، سرپرستوں اور عمائدینِ علاقہ سے خصوصی اپیل کی کہ اپنے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔ یہ قطرے آپ کے بچوں کی صحت، مستقبل اور محفوظ زندگی کے ضامن ہیں۔ ہمارا مقصد ایک صحت مند اور پولیو فری اپر چترال ہے جس کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ آخر میں تمام محکموں اور اداروں نے مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔