پشاور( مانند نیوز ) جمعیت طلباء اسلام لوندخوڑ کالج کے زیرِ اہتمام عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بھرپور اور فکری ختمِ نبوت سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں دینی، فکری اور آئینی پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور طلبہ کو موجودہ دور کے چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔سیمینار سے شیخ الحدیث مولانا محمد قاسم، معروف دینی اسکالر ڈاکٹر مفتی ذبیح اللہ اور جمعیت طلباء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری فرمان اللہ ایڈوکیٹ نے خصوصی خطاب کیا۔ مقررین نے عقیدہ ختمِ نبوتؐ کی شرعی، تاریخی اور آئینی حیثیت پر جامع گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین میں ختمِ نبوتؐ پر متفقہ مؤقف پوری قوم کے ایمان اور نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب میں جمعیت طلباء اسلام ضلع مردان کے صدر یاسین ملک، جنرل سیکرٹری عاشق اللہ، سیکرٹری مالیات عبداللہ جان، سیکرٹری اطلاعات مسعود شاہ، ناظم کالجز شبیر، ناظم دفتر بابر مجید، پی کے 61 کنوینئر جلال احمد سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ کالج کے پرنسپل اور اسٹاف نے بھی سیمینار میں شرکت کر کے طلبہ کی فکری رہنمائی میں اپنا کردار ادا کیا۔سیمینار میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پروگرام کے دوران سوال و جواب کا خصوصی سیشن رکھا گیا جس میں طلبہ نے اپنے سوالات پیش کیے اور علماء کرام نے مدلل اور تسلی بخش جوابات دیے۔ مقررین نے فتنہ قادیانیت کے حوالے سے اس کے پس منظر اور مبینہ سازشوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور نوجوانوں کو دینی و آئینی شعور اپنانے پر زور دیا۔اس موقع پر جمعیت طلباء اسلام کے ترجمان مسعود شاہ نے کہا کہ“ان شاء اللہ جمعیت طلباء اسلام ہر کالج میں اسی نوعیت کے ختمِ نبوت پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ نئی نسل میں دینی شعور، فکری پختگی اور آئینی آگاہی پیدا کی جا سکے۔”سیمینار کے اختتام پر ملک و ملت کے استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔