پشاور( مانند نیوز ) غیر سرکاری تنظیم مالک فاؤنڈیشن کے صدر انجینئر سید شیر شاہ نے کہا ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمیں انسانیت کی خدمت، رحم دلی اور اخلاص کا کامل درس دیتی ہے۔ نوجوان اگر ان اوصاف کو اختیار کر لیں تو معاشرہ امن، خیرخواہی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شفاء ماڈل سکول بغدادہ مردان میں مالک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام“سیرت النبی ﷺ کے تناظر میں خدمتِ خلق کی اہمیت”کے عنوان سے ایک پراثر، تربیتی اور روحانی پروگرام سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، پروگرام کا بنیادی مقصد طلباء و طالبات میں خدمتِ انسانیت، ایثار اور اسلامی اخلاقیات کو اُجاگر کرنا تھا تاکہ وہ عملی زندگی میں سیرتِ رسول ﷺ کے اصولوں کو اپناسکیں۔اس موقع پر طلباء و طالبات نے خدمتِ خلق، ایثار، ہمدردی اور اسلامی معاشرت کے موضوعات پر بھرپور جذبے کے ساتھ تقاریر پیش کیں، جنہیں شرکاء نے بیحد پسند کیا۔پروگرام کے اختتام پر نائب صدر فیصل بختیار نے مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا اور کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا:”خدمتِ خلق ہماری انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی ذمہ داری ہے، اور نوجوانوں میں اس شعور کو بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔”تقریب میں مالک ایمبیسڈر حسنین نور اور فی میل ممبر نورین نے بھی خصوصی شرکت کی اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔آخر میں، پروگرام کی کامیاب میزبانی اور بہترین انتظامات پر صدر مالک فاؤنڈیشن انجینئر سید شیر شاہ نے شفاء ماڈل سکول کی انتظامیہ کو تعریفی شیلڈ پیش کی اور اُن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔