ہنگو(مانند نیوز)ڈائریکٹر ریکلیمیشن اینڈ پروبیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کا ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کا دورہ، قیدیوں کی سہولیات پر اطمینان کا اظہاردورے کے موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو طاہر جمال ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مامون خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈائریکٹر معلم جان نے جیل کے مختلف بیرکس، رہائشی حصوں اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے براہِ راست ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔ قیدیوں نے ڈائریکٹر معلم جان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا تاہم انہوں نے جیل انتظامیہ کے رویے، خوراک، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ قیدیوں کا کہنا تھا کہ جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات تسلی بخش ہیں اور انتظامیہ ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر معلم جان نے آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخواہ عثمان محسود اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو طاہر جمال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے لیے جیل میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جس کی بدولت قیدی مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں کو صرف قید خانے نہیں بلکہ اصلاحی مراکز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو طاہر جمال نے ڈائریکٹر معلم جان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی جی جیل خانہ جات عثمان محسود کے وژن کے مطابق جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اصلاحی و تعلیمی پروگرامز، دینی تعلیم اور تربیتی سرگرمیوں میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد جرائم اور منشیات جیسی لعنت سے دور رہ کر معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ڈائریکٹر معلم جان نے جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود اور اصلاح کے لیے ایسے دورے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔