ہزارہ (مانند نیوز)ہزارہ ڈویژن میں جاری توانائی کے اہم منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، متاثرہ مکانات کی مسماری اور نیشنل گرڈ کمپنی کی جانب سے 765 کے وی ٹرانسمیشن ٹاورز کے لیے زمین کے حصول کی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔سیٹلمنٹ آفیسر / ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر کوہستان اور منیجر نیشنل گرڈ کمپنی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ہزارہ نے مختصر مدت میں سیٹلمنٹ مکمل کرنے اور واپڈا کے نام زمین کی منتقلی پر سیٹلمنٹ آفیسر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ جن متاثرہ مکانات کے معاوضہ جات ادا ہو چکے ہیں، انہیں فوری طور پر مسمار کیا جائے جبکہ دیگر اہم ڈھانچوں کو بھی جلد از جلد ہٹایا جائے تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، واپڈا اور نیشنل گرڈ کمپنی کو باہمی رابطہ مؤثر بنانے اور مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سوشل سپورٹ فنڈز کو مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے اور ٹاورز نصب ہونے والے علاقوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ تمام مجوزہ اسکیموں کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے کمشنر آفس ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں جاری توانائی کے منصوبے پاکستان کے توانائی مستقبل کو محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ان منصوبوں کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے اور یہ منصوبے ملک کو مستقبل میں بجلی کے بحران سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔