پشاور(مانند نیوز )انجمن نانبائیان ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری و ضلع مردان کے چیئرمین اعجاز خان اور پریس سیکر ٹری بلال خان نے ذاتی مصروفیات کے باعث اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ انجمن کی اعلیٰ قیادت کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔اعجاز خان اور بلال خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ ذمہ داری میں نانبائی برادری کے مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ تاہم ذاتی اور گھریلو مصروفیات کے باعث اب وہ تنظیمی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے سے قاصر ہیں، اسی لیے استعفیٰ دینا ان کے لیے ناگزیر ہو گیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انجمن نانبائیان ایسوسی ایشن کی موجودہ اور آنے والی قیادت نانبائی برادری کے مسائل، آٹے کی قیمتوں، روٹی کے نرخ نامے اور دیگر درپیش مشکلات کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انجمن کے عہدیداران اور اراکین نے دونوں رہنماؤں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار تنظیم کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جلد ہی انجمن نانبائیان ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا اور ضلع مردان میں خالی ہونے والے عہدوں پر نئی تقرریوں یا انتخابات کے حوالے سے مشاورت کا عمل شروع کیا جائے گا۔