اورکزئی(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر اورکزئی عرفان الدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شوکت علی کے ہمراہ مختلف سرکاری اسپتالوں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر لوئر اورکزئی کے کریز آر ایچ سی ہسپتال میں معائنہ کے دوران متعدد ڈاکٹرز اور طبی عملہ غیر حاضر پایا گیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے غیر حاضر ڈاکٹرز اور اسٹاف کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر دیں۔ڈپٹی کمشنر عرفان الدین نے کہا کہ ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے تمام سرکاری ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور عوامی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی عوامی خدمت سے مستثنیٰ نہیں دیا جائے گا