(مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے میں صحت سہولیات کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کی اہمیت اور ضم اضلاع سمیت صوبہ کے پسماندہ اضلاع میں جدید علاج معالجہ کی سہولیات کیلئے طبی منصوبوں کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خیبرپختونخوا میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ملک بھر سے بیماریوں سے کے خاتمے کیلئے وفاق صوبوں کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے، صحت کے شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے، پرائمری ہیلتھ کیئر کو ڈیجیٹل ہیلتھ کے ذریعے مضبوط کیا جارہا ہے اور ٹیلی میڈیسن کے نظام کا آغاز کر دیا ہے۔ گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہاکہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کیلیے وفاق اور صوبوں کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام میں بھی خیبرپختونخوا کو ترجیح دی جائے، انہوں نے کہاکہ صوبہ کے پسماندہ اضلاع کے عوام آج بھی علاج معالجہ کیلئے پشاور کا رخ کرتے ہیں۔ صوبہ کے ضم اضلاع اور جنوبی اضلاع میں جدید سہولیات پر مبنی ہسپتالوں اور طبی عملہ کی ضرورت ہے۔