پشاور( )عبدالولی خان یونیورسٹی کے آئی بی ایل ڈیپارٹمنٹ کی باصلاحیت طالبہ اور معروف ادارہ جائیداد ڈاٹ کام میں بطور اکاؤنٹ آفیسر خدمات انجام دینے والی بسمہ سمیع اور نوجوان سید احمد علی نے تین ماہ پر مشتمل آن لائن اسکل فیز پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔ پروگرام کے اختتام پر بسمہ سمیع کو ایڈیٹنگ جبکہ احمد علی کو سوشل میڈیا مینجمنٹ کے شعبے میں بہترین کارکردگی پر اسناد دی گئیں۔یہ تین ماہ پر مشتمل اسکل فیز پروگرام ڈسٹرکٹ یوتھ آفس مردان اور غیر سرکاری تنظیم ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کی فنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جس کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے پر ریڈنگ کلب مردان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے فواد احمد اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج تخت بھائی کے پرنسپل محمد ابرار تھے۔ انہوں نے اپنے خطابات میں کہا کہ موجودہ دور میں محض تعلیمی ڈگری کافی نہیں بلکہ عملی مہارتیں ہی نوجوانوں کو باعزت روزگار اور خود کفالت کی راہ پر گامزن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اسکل بیسڈ پروگرامز نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔مہمانانِ خصوصی نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی محنت، لگن اور کامیابیوں کو سراہا۔ مقررین نے اعلان کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔