ہنگو(مانند نیوز)امیر جماعت اسلامی ضلع ہنگو محمد نعیم نے الخدمت فاؤنڈیشن ہنگو کے صدر عادل شاہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نادار اور مستحق قیدیوں میں سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کمبل تقسیم کیے گئے۔دورے کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کے سپرنٹنڈنٹ طاہر جمال اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مامون خان بھی موجود تھے، جنہوں نے مہمانوں کو جیل کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔ امیر جماعت اسلامی محمد نعیم نے جیل میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات، قیدیوں کے لیے کچن میں معیاری اور صحت بخش کھانے کی تیاری، اور اعلیٰ کوالٹی کی اشیاء کے استعمال پر جیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور ان اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کے سپرنٹنڈنٹ طاہر جمال نے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخواہ ریحان گل خٹک کا واضح وژن ہے کہ جیلیں محض سزا کی جگہ نہیں بلکہ اصلاحی مراکز ہیں، جہاں قیدیوں کی اصلاح، تربیت اور معاشرے میں دوبارہ باعزت واپسی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر قیدی معاشرتی غفلت اور ناگہانی حالات کے باعث جرائم میں ملوث ہوتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود اور اصلاح وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سپرنٹنڈنٹ نے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے اپیل کی کہ وہ قیدیوں کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی میں الخدمت فاؤنڈیشن کی طرح اپنا کردار ادا کریں۔الخدمت فاؤنڈیشن ہنگو کے صدر عادل شاہ نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پورے خیبر پختونخوا کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے امدادی اشیاء کی تقسیم، طبی سہولیات اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی سزا کے دوران انسانی وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔آخر میں امیر جماعت اسلامی ضلع ہنگو محمد نعیم نے الخدمت فاؤنڈیشن اور جیل انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے فلاحی اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے جس سے قیدیوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔