باجوڑ (مانند نیوز)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ای۔کچہری میں موصول ہونے والی شکایت پر کارروائی کے تسلسل میں اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات کی روشنی میں شیخ کلی میں سیل شدہ ماربل فیکٹریوں کا معائنہ کیا گیا۔تحصیلدار خار حبیب الرحمٰن نے متعلقہ افسران کے ہمراہ فیکٹریوں میں ماحولیاتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ معائنہ کے دوران اعجاز ماربل فیکٹری میں سیپٹک ٹینک اور فضلہ کی نکاسی کے مناسب انتظامات پائے گئے، جس پر فیکٹری کو سخت شرائط کے ساتھ ڈی سیل کر دیا گیا، تاہم نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔دیگر ماربل فیکٹریوں کے مالکان کو واضح اور سخت ہدایات دی گئیں کہ سیپٹک ٹینکس کی فوری تعمیر اور فضلہ کی مقررہ معیار کے مطابق نکاسی کو یقینی بنائیں۔ مکمل عملدرآمد اور تسلی بخش رپورٹ تک فیکٹریاں بدستور سیل رہیں گی۔