پبی (نما ئندہ مانند)سٹریٹ موومنٹ ضلع نوشہرہ کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے دورہ نوشہرہ کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈیڈک چیئرمین نوشہرہ و رکن صوبائی اسمبلی حاجی زرعالم خان نے میڈیا کے نما ئندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کل رشکئی انٹرچینج پر منعقدہ عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے، جہاں وہ 8 فروری کی حقیقی آزادی کے حوالے سے ایک تاریخی، جرات مندانہ اور فیصلہ کن پیغام جاری کریں گے حاجی زرعالم خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ نوشہرہ عمران خان کا تھا، عمران خان کا ہے اور عمران خان کا ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نوشہرہ کے عوام نے ہمیشہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نظریے، جدوجہد اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ڈیڈک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ناحق، جھوٹے اور سیاسی انتقامی مقدمات میں قید رکھا گیا ہے، جس کے خلاف پورے خیبر پختونخوا بالخصوص نوشہرہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی انٹرچینج پر ہونے والا یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کے لیے ایک مضبوط عوامی آواز ثابت ہوگا۔حاجی زرعالم خان نے حلقہ پی کے 85 کے تمام پی ٹی آئی کارکنان، عہدیداران، نوجوانوں اور غیور عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ آج رشکئی انٹرچینج پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے جلسے میں بھرپور، منظم اور تاریخی شرکت یقینی بنائیں، تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ نوشہرہ آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے انہوں نے مزید کہا کہ یہ جلسہ نہ صرف نوشہرہ بلکہ پورے صوبے کی سیاسی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جہاں عوام حقیقی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے یک زبان ہو کر اپنی آواز بلند کریں گے۔