کرم (مانند نیوز)ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع کرم میں بھی 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان کی ہدایات پر گورنر کاٹیج پاراچنار میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو آفتاب خوشحالوی، ایس پی آپریشنز پولیس فلک نواز، لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، سیکرٹری انجمنِ حسینیہ پاراچنار، صدر تحریکِ حسینی پاراچنار اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور غاصبانہ تسلط کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر آفتاب خوشحالوی، ایس پی آپریشنز فلک نواز اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر اور کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ وابستہ ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کشمیر کی آزادی کیلئے ہر ممکن قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دوسری جانب لوئر کرم (صدہ) میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں اور تقریبات منعقد کی گئیں جن میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور مقامی مشران نے شرکت کی۔ ریلی صدہ کچہری سے شروع ہو کر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین نے بھارتی افواج اور حکمرانوں پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔تقریبات کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن و امان، سیکیورٹی فورسز، کشمیر کی جلد آزادی اور کشمیری عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔