وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر میں عوامی مسائل کے بروقت حل اور شہریوں کو درپیش مشکلات سننے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے اشتراک سے منگل کے روز شولام آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا اور مسائل کے حل میں شفافیت کو فروغ دینا تھا۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طاہر شاہ وزیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی وانا سرکل اصغر علی شاہ، ایس پی سی ٹی ڈی گل راؤف سمیت مختلف تھانوں کے افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کھل کر اپنے مسائل انتظامیہ اور پولیس کے سامنے رکھے۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بنیادی سہولیات سے متعلق متعدد مسائل کی نشاندہی کی۔ عوام کی جانب سے سب سے زیادہ شکایات خستہ حال سڑکوں، برمل تحصیل میں نادرا آفس کے قیام، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری، بنیادی صحتی مراکز میں عملے کی کمی، زراعت سے متعلق مسائل اور پولیس امور کے حوالے سے پیش کی گئیں۔ شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سڑکوں کی خراب حالت کے باعث آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ نادرا دفتر نہ ہونے کی وجہ سے شناختی دستاویزات کے حصول کیلئے دور دراز علاقوں کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ڈپٹی کمشنر مسرت زمان اور ڈی پی او محمد طاہر شاہ وزیر نے شہریوں کے مسائل بغور سنے اور بعض مسائل موقع پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کو نوٹ کر کے متعلقہ محکموں کو فوری طور پر ارسال کرنے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس موقع پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مسرت زمان نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور زیادہ تر مسائل باہمی مشاورت اور مل بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخوا میں انضمام (مرجر) کے بعد ترقیاتی منصوبوں میں قومی کمیشن کی حیثیت ختم ہو چکی ہے، تاہم اس کے باوجود ترقیاتی عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام منصوبے میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت مکمل کیے جائیں گے، جبکہ غیر معیاری کام کرنے والے ٹھیکہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔کھلی کچہری کے اختتام پر شرکاء نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اجتماعات کے انعقاد سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی اور عوام کا اعتماد حکومتی اداروں پر مزید مضبوط ہوگا۔