وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر میں عوام کو فوری، سستا اور منصفانہ انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر منگل کے روز ڈی پی او آفس شولام/برمل میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ وانا تحصیل میں پہلے سے قائم ڈی آر سی آفس کے بعد یہ ضلع میں قائم ہونے والا دوسرا ڈی آر سی آفس ہے، جسے علاقے میں تنازعات کے پرامن حل، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور انصاف کی مقامی سطح پر فراہمی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ڈی آر سی آفس کا افتتاح ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طاہر شاہ وزیر کے دستِ مبارک سے قبائلی عمائدین ملک سیداللہ دری خیل، ملک سردار علی کرے خیل، ملک شوکت گنگی خیل اور ملک سیدرا نور گنگی خیل کی موجودگی میں انجام پایا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی تحصیل وانا سرکل اصغر علی شاہ، قبائلی مشران، علمائے کرام، معززینِ علاقہ، پولیس افسران اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس اقدام کو عوامی مسائل کے فوری اور باوقار حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی عمائدین اور معززینِ علاقہ نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد جنوبی وزیرستان لوئر میں ڈی آر سی نظام کا قیام ایک تاریخی قدم ہے۔ ان کے مطابق وانا تحصیل میں ڈی آر سی آفس کے قیام کے بعد اب شولام/برمل میں دوسری ڈی آر سی آفس کا قیام عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا اور مقامی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ ماضی میں معمولی نوعیت کے تنازعات بھی عدالتوں تک پہنچ جاتے تھے، جس کے باعث عوام کو طویل قانونی کارروائیوں، مالی اخراجات اور وقت کے ضیاع کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تاہم ڈی آر سی کے قیام سے ایسے مسائل کو مقامی سطح پر باہمی رضامندی، افہام و تفہیم اور مصالحت کے ذریعے حل کیا جا سکے گا، جس سے نہ صرف عوام کو فوری ریلیف ملے گا بلکہ عدالتوں پر بڑھتا ہوا بوجھ بھی کم ہوگا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طاہر شاہ وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈی آر سی آفس کا قیام عوام کو فوری اور قابلِ اعتماد انصاف فراہم کرنے کی جانب ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے کہ عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کیا جائے تاکہ لوگوں کو عدالتوں کے طویل اور مہنگے مراحل سے بچایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈی آر سی مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق کام کرے گی، جہاں قبائلی روایات اور جدید قانونی تقاضوں کے درمیان متوازن ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق معمولی نوعیت کے تنازعات کو مقامی سطح پر حل کرنے سے نہ صرف عوام کو فوری انصاف میسر آئے گا بلکہ پولیس اور عدالتی نظام پر دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ ڈی آر سی پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی کا ایک مضبوط ذریعہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی پولیس عوام کے تعاون سے علاقے میں امن و امان کے قیام اور سماجی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر قبائلی عمائدین نے مشترکہ طور پر کہا کہ شولام/برمل میں ڈی آر سی آفس کا قیام جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، جو مقامی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد فورم فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں چھوٹے چھوٹے تنازعات بھی عدالتوں تک پہنچ جاتے تھے، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا تھا بلکہ عوام کو مالی بوجھ کا بھی سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم اب ایسے مسائل کو مقامی سطح پر افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے گا۔