پشاور(مانند نیوز)مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بغدادہ مردان میں ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کے ساتھ ساتھ پرنسپل اشرف علی، تدریسی و غیر تدریسی عملے نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد طلبہ میں اپنی مادری زبان خصوصاً پشتو سے محبت، شعور اور فخر کا جذبہ بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر طلبہ نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنی ماں بولی پشتو سے محبت کے دلنشین پیغامات درج تھے۔ تقریب میں مختلف تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں پشتو محاوروں (پختو متلونہ) کا دلچسپ مقابلہ خاص توجہ کا مرکز بنا۔ طلبہ نے نہ صرف محاوروں کا برمحل استعمال پیش کیا بلکہ کئی نئے اور خوبصورت محاورے بھی سننے کو ملے، جس سے محفل میں علمی و ادبی رنگ نمایاں رہا۔تقریب کے دوران ایک طالب علم نے مردان کی سرزمین کے نامور مگر مرحوم شاعر و ادیب اندیش شمس القمر کی خوبصورت پشتو نظم پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ اساتذہ کی جانب سے ذیشان نے بھی منتخب اشعار کے ذریعے اپنی مادری زبان سے گہرے لگاؤ کا اظہار کیا اور حاضرین سے داد وصول کی۔صدرِ محفل پرنسپل اشرف علی نے اپنے خطاب میں مادری زبانوں کی تاریخی اور تہذیبی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ قوموں کی ترقی، شناخت اور فکری بالیدگی میں ان کی ماں بولی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ اگر کسی کی مادری زبان پشتو کے علاوہ کوئی اور ہے تو وہ بلا جھجک اس کا اظہار کرے، کیونکہ ہر زبان قابلِ احترام ہے۔انہوں نے طلبہ کو سکول لائبریری میں موجود پشتو ڈکشنری اور پشتو ادب و تاریخ پر مبنی کتب سے استفادہ کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ وہ اپنی لسانی مہارت کو مزید بہتر بنا سکیں۔پرنسپل نے تقریب کو مختصر وقت میں کامیابی سے منعقد کرنے پر اکیڈمک سیکشن کے خالد عثمان، ذیشان، عابد علی اور فضل مالک کی محنت اور لگن کو سراہا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض فضل مالک نے احسن انداز میں انجام دیے اور دن کی مناسبت سے اشعار و اقوال پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔تقریب کا اختتام پشتو زبان سے محبت اور اس کی ترویج کے عزم پر مبنی نعروں سے ہوا، جن کا طلبہ نے پرجوش انداز میں جواب دیا، یوں یہ ادبی و ثقافتی تقریب اپنے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے