پشاور(مانند نیوز) ماہِ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی جہاں عبادات اور روحانی تربیت کا سلسلہ شروع ہوتا ہے، وہیں خدمتِ خلق کے جذبے بھی عروج پر پہنچ جاتے ہیں۔ اسی جذبہ ہمدردی کے تحت فلاحی تنظیم صمیم آرفن کئیر پاکستان نے مردان میں ایک ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں“رمضان فوڈ پیکیج”تقسیم کرکے انسان دوستی کی ایک روشن مثال قائم کی۔راشن کی تقسیم کی تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی جس میں مستحق خواتین، بزرگ افراد، خصوصی افراد اور یتیم بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس مردان اقبال حسین خٹک تھے، جبکہ تنظیم کے وائس چیئرمین سلمان شاہ بخاری، ڈاکٹر ثاقب، نیاز علی ایڈوکیٹ، ڈاکٹر ابوزر شاہ اور اکرام خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔رمضان فوڈ پیکج میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے ضروریہ شامل تھیں جن میں آٹا، گھی، چینی، چاول، کھجور، مختلف اقسام کی دالیں، چنا، لوبیا، بیسن اور دیگر خشک راشن شامل تھا، تاکہ مستحق گھرانے پورے ماہِ رمضان کے دوران بنیادی غذائی ضروریات سے محروم نہ رہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر ابوزر شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، ایثار اور باہمی تعاون کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں غریب اور متوسط طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے، ایسے حالات میں صاحبِ استطاعت افراد اور فلاحی اداروں کی ذمہ داری دوچند ہو جاتی ہے کہ وہ کمزور طبقے کا سہارا بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم گزشتہ کئی برسوں سے ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں خاندانوں تک امدادی پیکجز پہنچا رہی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد صرف راشن تقسیم کرنا نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانا اور انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ وہ معاشرے میں تنہا نہیں ہیں۔ رمضان کی برکتوں میں سب کو برابر شریک کرنا ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال حسین خٹک نے اپنے خطاب میں صمیم آرفن کئیر پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایسے فلاحی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے باہمی تعاون سے ہی معاشرے کے محروم طبقات کی مشکلات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے تنظیم کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔تقریب کے اختتام پر مستحقین میں منظم انداز میں فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ رمضان کا پیغامِ اخوت و مساوات عملی صورت میں نظر آئے۔