شانگلہ(مانند نیوز)شانگلہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق، 3 کمسن بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ضلع شانگلہ میں شدید موسلادھار بارش اور طوفانی موسم کے دوران شانگلہ کے صدرمقام الپوری کے نواحی علاقے لیلونئی کے بالائی علاقے آچر میں رہائشی مکان پر آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ تین بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ جان بحق ہونے والومیں میاں،بیوی اور اسکا بیٹاشامل،جس جی شناخت یارمحمد،مسماۃ تاج بی بی اورمرادعلی کے ناموں سے ہوئی ہیں۔ یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب شدید طوفانی بارش کے دوران اچانک آسمانی بجلی ایک رہائشی مکان پر آ گری۔ بجلی گرنے کے نتیجے میں گھر کے اندر موجود ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ گھر میں موجود تین بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جان بحق افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکال کر ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ مقامی افراد نے متاثرہ خاندان کے لیے حکومت سے مالی امداد کا مطالبہ کیا ہیں۔