پشاور(مانند نیوز)تھانہ جبر مردان کے ایس ایچ او حسین اکبر خان نے چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ عمل نہ صرف سنگین اور قابلِ سزا جرم ہے بلکہ معصوم انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی او مردان مسعود احمد بنگش کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایچ او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اس خطرناک عمل سے مکمل اجتناب کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایک پرامن اور محفوظ معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔