پشاور (مانند نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پشاور ریجن کے صدر و ممبر قومی اسمبلی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ریڈیو براڈکاسٹرز کے فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بہت جلد عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس شعبے کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے متعلقہ اداروں اور حکومتی سطح پر موثر آواز اٹھائی جائے گی تاکہ براڈکاسٹرز کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔انہوں نے یہ بات ریڈیو براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن مردان ڈویژن کے صدر ڈاکٹر علی خان سے ایک اہم ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینیٹر زیشان خانزادہ بھی موجود تھے، جبکہ ملاقات میں ریڈیو انڈسٹری کی موجودہ صورتحال، پیشہ ورانہ مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈاکٹر علی خان نے ممبر قومی اسمبلی محمد عاطف خان اور سینیٹر زیشان خانزادہ کو ریڈیو براڈکاسٹرز کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا، جن میں ملازمت کا عدم تحفظ، محدود وسائل، جدید ٹیکنالوجی کی کمی، تربیتی مواقع کا فقدان اور حکومتی سرپرستی کی کمی شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریڈیو ایک مؤثر اور قدیم ذریعہ ابلاغ ہونے کے باوجود نظرانداز ہو رہا ہے، جسے دوبارہ فعال اور مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔محمد عاطف خان نے اس موقع پر کہا کہ ریڈیو ایک اہم میڈیم ہے جو نہ صرف معلومات کی فراہمی بلکہ عوامی شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ براڈکاسٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی اور اس حوالے سے جلد ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔سینیٹر زیشان خانزادہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ ریڈیو براڈکاسٹرز ملک میں معلومات کی ترسیل اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی اس شعبے کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریڈیو براڈکاسٹرز کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ یہ شعبہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر مزید مؤثر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکے۔