پشاور(مانند نیوز) ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان مردان ڈویژن یوتھ ونگ کے صدر اور فیوچر لیڈرز یوتھ اسمبلی خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ لیڈر ملک فواد حسین نے کہا ہے کہ ضلع مردان کے نوجوانوں کو تعلیم، شعور، سماجی خدمات اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے بھرپور اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی درست رہنمائی، تربیت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا نوجوان بے شمار مسائل اور چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن میں بے روزگاری، تعلیمی مشکلات، منفی سرگرمیوں کا بڑھتا رجحان اور مواقع کی کمی شامل ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور معاشرے کی بہتری میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ملک فواد حسین نے کہا کہ نوجوانوں میں قیادت کی صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت صرف ان کی درست سمت میں رہنمائی اور اعتماد بحال کرنے کی ہے۔ اس مقصد کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز، سیمینارز، آگاہی مہمات اور فلاحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سماجی انصاف، انسانی حقوق کے تحفظ اور نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کیلئے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، ہنر اور مثبت سوچ سے آراستہ کرکے ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے روشن مستقبل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔