ایبٹ آباد(مانند نیوز) ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا نے پیورٹیک آرگنائزیشن کے اشتراک سے نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے خانسپور ایوبیہ میں 15 سے 17 مئی 2026 تک تین روزہ کیپسٹی بلڈنگ ورکشاپ برائے سوشل انٹرپرینیورشپ اور سوشل ایکشن پراجیکٹس (SAPs) کامیابی سے منعقد کی۔ ورکشاپ میں نئے ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے 40 نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں قیادت، سماجی خدمت، سماجی کاروبار، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور مثبت سماجی تبدیلی کے رجحانات کو فروغ دینا تھا۔ورکشاپ کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، حکومت خیبر پختونخوا کے تعاون سے کیا گیا، جس میں مختلف ماہرین اور ٹرینرز نے نوجوانوں کو اہم موضوعات پر تفصیلی تربیت فراہم کی۔ڈاکٹر ظفر خان نے سوشل انٹرپرینیورشپ کے موضوع پر جامع لیکچرز دیتے ہوئے نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا اور بتایا کہ نوجوان جدید اور پائیدار طریقوں کے ذریعے معاشرتی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر الطاف قادر نے سوشل ایکشن پراجیکٹس (SAPs) کے حوالے سے عملی سیشنز منعقد کیے جن میں شرکاء کو کمیونٹی مسائل کی نشاندہی، منصوبہ بندی، عملدرآمد کے طریقہ کار اور پائیدار سماجی منصوبے تشکیل دینے کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ ڈاکٹر سجاد احمد جان نے یوتھ ایمپاورمنٹ اور لیڈرشپ ڈویلپمنٹ پر خصوصی تربیتی اور حوصلہ افزا سیشنز دیے۔ورکشاپ کے دوران شرکاء نے ایوبیہ، خانسپور اور نتھیا گلی میں صفائی اور ماحولیاتی آگاہی مہم بھی چلائی۔ نوجوان رضاکاروں نے سیاحتی مقامات سے کچرا جمع کیا اور ماحول کے تحفظ اور ذمہ دارانہ سیاحت کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کیا۔ شرکاء نے مشکوپڑی ٹاپ، ایوبیہ نیشنل پارک، پائپ لائن ٹریک، لالہ زار پارک، نتھیا گلی شہر اور دیگر قریبی مقامات کا مطالعاتی و تفریحی دورہ بھی کیا۔شرکاء نے پیورٹیک آرگنائزیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کی جانب سے نوجوانوں کو سیکھنے، قیادت کی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے فراہم کیے گئے اس بہترین پلیٹ فارم کو سراہا۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں منتظمین، ٹرینرز اور شرکاء نے شرکت کی جہاں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ ٹرینرز نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کی جانب سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی، محنت اور فعال شرکت کی تعریف کی۔پیورٹیک آرگنائزیشن نے نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو تعمیری تعلیمی اور قائدانہ مواقع فراہم کرنے پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، حکومت خیبر پختونخوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے مستقبل میں بھی ایسے مثبت اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔