ہزارہ (مانند نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت کاغان، ناران اور بٹہ کنڈی کے ڈرافٹ ماسٹر پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مجوزہ این جے سی روڈ کی ممکنہ متبادل الائنمنٹ پر بھی غور کیا گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حتمی روٹ کے تعین کے لیے متعلقہ اداروں سے مشاورت اور تکنیکی سطح پر جائزہ کا عمل جاری ہے تاکہ ایک جامع اور قابلِ عمل منصوبہ مرتب کیا جا سکےمحکمہ جنگلات کی جانب سے ماسٹر پلان میں جنگلات، قومی پارکس اور جنگلی حیات کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام مجوزہ ترقیاتی اقدامات کو ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا تاکہ علاقے کے قدرتی حسن اور وسائل کو محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈرافٹ ماسٹر پلان فوری طور پر تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، ون ونڈو سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے گا اور این او سیز کے اجرا کے عمل کو مؤثر اور تیز تر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری اور ترقیاتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہو۔کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافی اور انتظامی امور کو ضلعی و ڈویژنل سطح پر باہمی مشاورت سے فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور علاقے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔