وانا (مانند ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر اپیل پر جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر کے زیرِ اہتمام مہنگے پیٹرول، مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کے غیر منصفانہ کرایوں اور سابقہ فاٹا میں عائد ٹیکسوں کے خلاف رستم بازار وانا میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں جماعت اسلامی جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی امیر اسداللہ بھیر، پارٹی عہدیداران، کارکنان، قبائلی مشران، تاجروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مہنگائی، اضافی ٹیکسوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں بے جا اضافے کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر اسداللہ بھیر نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، ایندھن کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عوام پر نئے ٹیکسوں کے بوجھ نے عام آدمی کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے عوام پہلے ہی کئی دہائیوں سے بدامنی، نقل مکانی اور پسماندگی کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں ان پر مزید ٹیکس عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بلاجواز اضافہ عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے، جس سے طلبہ، مزدوروں، ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت فوری طور پر کرایوں کو ضابطے میں لائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، مقامی ٹرانسپورٹ کرایوں پر مؤثر نگرانی اور سابقہ فاٹا پر عائد ٹیکسوں کے خاتمے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔