پشاور(مانند نیوز) ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان کے صوبائی صدر خیبرپختونخوا انجینئر عرفان خان کی زیرِ صدارت مردان میں تنظیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر مردان ڈویژن ملک فواد حسین اعوان، چیف کوآرڈینیٹر اسلام آباد عبدالصمد خان صافی، جنرل سیکرٹری مردان ڈویژن سید ثمر اسلام باچا، تحصیل صدر مردان شایان شاہ، میڈیا کوآرڈینیٹر مردان ڈویژن عبداللہ شاہ بغدادی سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیم کو مردان ڈویژن میں مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس دوران تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، نئے ممبران کی شمولیت، عوامی رابطہ مہم کو وسعت دینے، مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں تنظیمی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور عوام تک تنظیم کی خدمات کو بہتر انداز میں پہنچانے کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں، جن پر اتفاقِ رائے سے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں مردان شہر میں ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس کے مستقل تنظیمی دفتر (آفس) کے قیام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ دفتر کے قیام سے نہ صرف تنظیمی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی بلکہ عوام کو قانونی رہنمائی، انسانی حقوق سے متعلق آگاہی، سماجی معاونت اور فوری مشاورت کی سہولیات بھی ایک ہی جگہ میسر ہوں گی۔ اس سلسلے میں مناسب مقام کے انتخاب اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متاثرین کو بروقت قانونی اور سماجی معاونت فراہم کرنے کے لیے تنظیم کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ خواتین، بچوں، بزرگوں، خصوصی افراد اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ شرکاء نے نوجوانوں کو انسانی حقوق کے حوالے سے آگاہ کرنے، مختلف تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرام منعقد کرنے اور عوام میں انصاف، مساوات اور قانون کی بالادستی کے شعور کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر صوبائی صدر خیبرپختونخوا انجینئر عرفان خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت ہی تنظیم کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس معاشرے کے ہر مظلوم، محروم اور ضرورت مند فرد کی آواز بننے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر انجینئر عرفان خان نے تنظیم کے لیے نمایاں خدمات، بہترین کارکردگی اور مسلسل فعال کردار ادا کرنے پر تحصیل صدر مردان شایان شاہ اور جنرل سیکرٹری مردان ڈویژن سید ثمر اسلام باچا کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں عہدیداران نے تنظیم کے اغراض و مقاصد کو فروغ دینے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جو دیگر کارکنوں کے لیے بھی ایک مثال ہیں۔انہوں نے تمام عہدیداران اور ممبران پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے، اخلاص اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انسانی حقوق کے تحفظ، انصاف کی فراہمی، سماجی ہم آہنگی اور دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائیں تاکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، عزت اور انصاف میسر ہو۔ اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم خیبرپختونخوا خصوصاً مردان ڈویژن میں انسانی حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔